گوادر: نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماؤں ومیونسپل کمیٹی گوادر کے کونسلران حاجی عبدالغنی نوازش ، سعید نوری ، عبدالرحمن ،شاہد اسحق پرویز عبدالرسول رؤف شہزاد اور عامر بلوچ نے گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میر حاصل خان بزنجو سے طویل ملاقات کر کے مرکزی صدر کے سامنے گوادر کے عوامی سیاسی وسماجی مسائل رکھے اور ان پر طویل بحث ومباحثہ ہوا، کونسلراتحاد نے واضح کہا کہ ہم وزیراعلیٰ کے گوادر کے حوالے سے دعوؤں اور اعلانات کو فوری طور پر عملدرآمد ہونا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو تحریری طور پر علاقائی مسائل لکھ کر دیئے گئے ہیں ، اگر ان پر 25فیصد کام ہوتا تو آج ان عوامی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام مختلف مسائل میں گرے ہوئے ہیں جن میں پانی بجلی صحت تعلیم اور انتظامیہ کے حوالے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کا چھوٹے سے چھوٹا کام بھی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے عوام نفسیاتی طور پر بیمار ہو چکے ہیں، صحت کا مسئلہ انتہائی گھمبیر ہے جبکہ مقامی انتظامیہ میں کسی شریف آفیسر کو برداشت نہیں کیا جاتا ، گوادر میں اکثر آفیسران کئی عرصے سے شہریوں پر مسلط ہیں اور یہ سب نیشنل پارٹی کے تعینات کردہ ہیں، مقامی نوجوانوں کے حق ملازمت پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، چھوٹی ملازمتیں کیلئے بھی دوسرے اضلاع سے تعیناتیاں اور بھرتی کئے جارہے ہیں، کسی بھی ملازمت کا سب سے پہلے حق گوادر کے نوجوانوں کا ہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر آقا اور غلام جیسا سلوک ورکر کے ساتھ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک پارٹی کے قائدین ہمارے خدشات کو دور نہیں کرتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا