|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2015

کوئٹہ: رنٹیئر کور بلوچستان اور حساس اداروں نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران ایک ٹارگٹ کلر سمیت کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبے میں 10افراد کو گرفتار کرلیا۔ نوشکی میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر بس سے25کلو دھماکا خیز مواد جبکہ چاغی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ایف سی اور حساس ادارے نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شعبے میں چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ان میں سے دو افراد کو کوئٹہ کے علاقے سبی روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ کوئٹہ ہی میں علمداد روڈ پر چیکنگ کے دوران ایف سی ایک شخص کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ اور بغیر کاغذات کے موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ایف سی ذرائع کے مطابق ملزم اعتزاز حسین کے قبضے سے نائن ایم ایم دو میگزین 30رونڈ اور ایک بغیر کا غذات کے موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ ملزم کو پولیس کے حوالے کرلیا گیا ہے ۔ اسی طرح ژوب میں کارروائی کے دوران دو مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتا رکیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی کے ایک مطلوب ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا جو ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔ دریں اثناء نوشکی کے علاقے انام بوستان چیک پوسٹ کے قریب نوشکی چاغی روڈ پر فرنٹیئرکوراورحساس اداروں کے اہلکاروں نے ایک مسافرکوچ کوچیک کیاتواس سے 25کلو دھماکا خیز مواد ، ڈیٹونیٹڑ اور دیگر مواد برآمد ہوا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق یہ دھماکا پھلوں کے کریٹوں میں چھپایا گیا تھا اوردہشتگردی اور تخریب کاری کی غرض سے اندرون ملک سمگل کیا جارہا تھا ۔ اسی طرح نوشکی سے ملحقہ ضلع چاغی کے علاقے گردی جنگل میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور وہاں سے خود کار ہتھیار اور سینکڑوں راؤنڈز برآمد کرلئے۔