|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ایف سی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ، دو اہلکار جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔ ایف سی حکام کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان کے اہلکار ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام کررہے تھے کہ اس دوران ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ دھماکے سے ایف سی کا ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ایف سی اسپتال کوئٹہ لایا گیا جہاں ان میں سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق شہید اہلکاروں میں نائیک نور الامین اور سپاہی ساجد جبکہ زخمیوں میں نائب صوبیدار مومن، سپاہی ندیم، شیرین ، ہارون، وسیم اور طاہر شامل ہیں۔ دریں اثناء بلوچستان کے ضلع پنجگور اور گوادر میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشتگردوں کو ہلاک اور دو کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق پنجگور کے علاقے تسپ میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور کالعدم تنظیم کے ایک کیمپ کو تباہ کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی کے تین دہشتگرد مارے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور دہشتگردوں کے زیر استعمال ایک گاڑی، چار موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ اسلحہ میں ایک لائٹ مشین گن، دو کلاشنکوف، دو کلو گرام دھماکا خیز مواد، ایک دستی بم اور بارودی سرنگ بنانے والا سامان شامل ہیں۔ ہلاک ہونیو الے ملزمان کی شناخت سلیم ولد خدا بخش سکنہ چتکان، داد جان ولد جلال سکنہ تسپ ، شریف ولد نور محمد سکنہ تسپ کے طور پر ہوئی ہے۔ دوسری جانب ضلع گوادر میں بھی سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے خودکار ہتھیار اور دستی بم برآمد کئے گئے۔ ایک اور کارروائی میں ایف سی نے ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے قریب کچھی کینال میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کچھی کینال میں نصب پانچ کلو بارودی مواد، ایک پْش بٹن اور ایک عدد 107 ایم ایم راکٹ برآمد کیا گیا۔