کوئٹہ: صوبائی وزیرداخلہ و قبائلی امور سرفراز بگٹی نے کہا ہے محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا خدشہ موجود ہے صوبائی حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں شہری بھی اپنے اردگرد مشکوک افراد کو اشیاء پر کڑی نظررکھیں مسجدروڈ پر بم کی اطلاع دینے والے شہری کیلئے حکومت نے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کے جلوس کے روٹس کا معائنہ کرنے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ساتویں محرم الحرام کے جلوس کی حفاظت کیلئے 3500پولیس اہلکار جبکہ 27پلاٹون ایف سی تعینات کی گئی ہے اسی طرح شہر کے اطراف میں پہاڑوں پر اور اطراف میں 2500lلیویز کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنے کیلئے پاک فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں اور عاشورہ کے جلوس کی 2ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سیکورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں پولیس ،ایف سی کے مسلح دستے گشت کر رہے ہیں سریاب روڈ پر پولیس کاکہیں گشت نظر نہیں آیا جسکا فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا گزشتہ روز کوئٹہ مسجد روڈ پر بم کی اطلاع دینے والے کیلئے حکومت نے انعام کا اعلان کردیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردوں کی کارروائیاں وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کا ردعمل ہوسکتی ہیں کیونکہ وزیراعظم بلوچستان اور پاکستان میں بھارتی خفیہ ادارے’’را‘‘کے ملوث ہونے کے حوالے سے امریکی حکام سے بات کرینگے۔ایک اور سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ہمیں ملکر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے ہم نے سیکورٹی کے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔