میدان کربلا میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں جن میں ذاکرین اورعلمائے دین میدان کربلا میں پیش آنے والے واقعات خاص طور پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے قافلے میں شامل ننھے علی اصغر سمیت دیگر بچوں کی پیاس اور ان کے استقامت کو بیان کریں گے۔
کراچی میں 9 ویں محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر سے 236 جلوس برآمد ہوں گے جو نشتر پارک میں جمع ہوں گے۔ مجلس عزا کی مرکزی تقریب 11 بجے نشتر پارک میں ہوگی جس سے علامہ عباس کمیلی خطاب کریں گے اور پھر دوپہر ایک بجے نماز ظہرین ادا کی جائے گی جس کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بار گاہ حسینیہ ایرانیہ پر جا کر اختتام پزیر ہوگا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور شہر بھر میں 9 ہزار 800 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز اور سول وردی میں ملبوس پولیس اہلکار بھی جلوسوں کی حفاظت کے لئے تعینات کئے گئے ہیں۔ گرومندر سے ٹاور تک تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں جب کہ ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ جلوس کے تمام راستوں پر سرویلنس کیمرے لگائے گئے ہیں اور جلوس کی نگرانی کے لئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جلوس کی ہیلی کاپٹر سے بھی نگرانی بھی کی جائے گی۔
لاہور میں بھی مرکزی جلوس پانڈو اسلام پورہ سے برآمد ہوا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور راستے میں آنے والے تمام بازار اور مارکیٹیں بند کروا دی گئی ہیں۔ نویں محرم الحرام کے موقع پر جلوس کی نگرانی کے لئے 8 ہزار پولیس اہکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جس میں سے ڈھائی ہزار سے زائد پولیس سول وردی میں ملبوس ہوں گے جب کہ شارپ شوٹرز بلند عمارتوں پر تعینات ہوں گے۔ مرکزی جلوس نماز جمعہ کے اسلام پورہ سے ہوتا ہوا سول سیکرٹریٹ اور پھر خیمہ سادات پہنچے گا اور پھر نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد اختتام پزیر ہوگا۔
لاہور میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے ایک مبینہ دہشت گرد کا خاکہ بھی جاری کردیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور کے مطابق مبینہ دہشت گرد کی ہلکی داڑھی، درمیانہ قد، براؤن آنکھیں اور پتلا جسم ہے، اگر کسی کو بھی ایسا شخص نظر آئے تو ایمرجنسی نمبر 9242 پر فوری اطلاع دی جائے۔
اسلام آباد میں مرکزی جلوس جی سِکس امام بار گاہ انثا عشری سے برآنمد ہوگا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پزیر ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت میں اس حوالے سے 6 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ جلوس کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیئے گئے ہیں۔ جلوس میں شامل ہونے والوں کو تین مقامات پر چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی جار رہی ہے جب کہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے رینجرز کو بھی اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔
ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں
وقتِ اشاعت : October 23 – 2015