|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2015

گوادر: سیکورٹی فورس کے انچارج بریگیڈئیر شہزاد افتخار بھٹی نے کہا ہے کہ گوادر سمیت بلوچستان اور پاکستان کی ترقی پاک چین اقتصادی راہداری سے وابستہ ہے اور گوادر کی ترقی میں مقامی لوگوں کو شامل کر نا نا گزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے کانفرنس روم میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کے دوران بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئر مین دوستین خان جمالدینی ،آر پی او گوادر جعفر خان سمیت ضلع گوادر کے مختلف محکموں کے ضلعی و صوبائی آفیسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں محکموں کے آفیسران نے گوادر سیکورٹی فورس کے انچارج کو اپنے اپنے محکموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گوادر سمیت بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گااور گوادر کو جلد صف اول کی بندرگاہوں میں شامل کریں گے۔ تعلیم ، صحت اور آبنوشی و سوشل سیکٹر کے منصوبے ہماری پہلے ترجیحات میں شامل ہیں ۔ ان شعبوں میں ہر ممکن تعاون کے سلسلے میں اعلیٰ حکام سے بات چیت کی جائے گی ۔تاہم آفیسران پاک فوج سمیت دوسرے آفیسروں کے ساتھ اپنے رابطے کو یقینی بنائیں ۔تاکہ لوگوں کے مسائل ، مشکلات کو حل کرنے میں مددمل سکے اور اس اجلاس کا مقصد بھی یہی ہے کہ گوادر کے لوگوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ گوادر پورٹ سٹی کی ترقی کے لئے پاک فوج اور سول آفیسران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنا کردار ادا کریں۔ گوادر اپنے محل و قوع اور جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ پاک چین اکنامک کار یڈورکی تعمیر سے یہاں کے لوگوں کو روزگار کے بہتر ین مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی معیار زندگی بھی بلند ہو گی اور یہاں پر معاشی انقلاب بر پا ہوگی۔ دریں اثناء گوادر سیکورٹی فورس کے انچارج بریگیڈئیر شہزاد افتخار بھٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آفیسران نے شرکت کی اور اجلاس میں امن و امان سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ گوادر کو سیف سٹی بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔