|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2015

 اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کا مستقبل ہے جب کہ منصوبے کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کے مکمل ہونے کی تاریخوں کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کا مستقبل ہے، اس منصوبے کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہفتہ وار بنیادوں پر منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیں گے جب کہ ذاتی طور پر جلد منصوبے کے مغربی روٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کریں گا۔