کراچی/لاہور: پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
آج سندھ کے مختلف اضلاع میں پولنگ کے دوران حریف گروہوں میں تصادم سے 11افراد ہلاک جبکہ کم از کم 80 زخمی ہوگئے۔
پنجاب میں اکا دکا پرتشدد واقعات کے علاوہ عمومی صورتحال اطمینان بخش رہی۔
سندھ کے ضلع خیر پور میں پیش آنے والے افسوس ناک تصادم میں 11 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی خیرپورپیر محمد شاہ نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں کے درمیان تصادم گمبٹ اور خیرپور میں ہوا جس کے دوران ہلاکتیں ہوئیں.
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سے ہے.
جیکب آباد، شکارپور اور کندھ کوٹ میں مختلف پولنگ اسٹیشنز میں ہونے والے تصادم میں بالترتیب16، 20 اور 7 افراد زخمی ہوئے۔
اسی طرح، سکھر کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی جماعتوں میں تصادم سے 12افراد زخمی ہوئے، جبکہ شہداد کوٹ میں ایس ایچ او سمیت 15افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
گھوٹکی کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں میں تصادم سے دس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
آج پولنگ ایک گھنٹہ اضافی وقت کے ساتھ صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک بغیر کسی تعطل جاری رہی.
الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں صوبوں میں حساس پولنگ اسٹیشنز کی فہرست بھی جاری کی گئی تھی۔
پنجاب
- 12 اضلاع: لاہور، فیصل آباد، گجرات، چکوال، بھکر، ننکانہ صاحب، قصور، پاکپتن، اوکاڑہ، لودھراں، ویہاڑی اور بہاول نگر
- 2 کروڑ 80 ہزار سے زائد ووٹرز
- مجموعی طور پر 16 ہزار 266 پولنگ اسٹیشنز
- 3 ہزار 551 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار
- 8 ہزار 300 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار
سندھ
- 8 اضلاع: سکھر، خیرپور، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور اور قمبر شہداد کوٹ
- 42 لاکھ سے زائد ووٹرز
- 2 ہزار 333 نشستوں کے لیے 10 ہزار 87 امیدوار مدمقابل
- 707 امیدوار بلامقابلہ منتخب