|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2015

ایک اندازے کے مطابق صرف گذشتہ سال 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمانے والی کیٹی پیری کو فوربز میگزین نے سب سے زیادہ کمانے والی خاتون موسیقار نامزد کیا ہے۔

موسیقار کیٹی پیری نے اپنی حریف ٹیلر سوِفٹ کو پیچھے چھوڑا ہے جو آٹھ کروڑ ڈالر کی کمائی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسری پوزیشن پر فلیٹ وڈ میک نامی راک بینڈ ہے جو کہ برطانوی گلوگارہ کرسٹین کی واپسی اور ’آن وڈ دی شو‘ دورے کی وجہ سے پانچ کروڑ 95 لاکھ ڈالر کمانے میں کامیاب ہوا ہے۔ یہ راک بینڈ تین مرد اور دو خواتین پر مشتمل ہے۔ فوربز میگزین کے یہ اندازے موسیقی کی صنعت کی معلومات کے ساتھ ساتھ ایجنٹوں اور مینیجرز کے ساتھ کیے گئے انٹرویوز اور فنکاروں کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار پر مشتمل ہیں اور یہ جون سنہ 2014 سے جون 2015 کے دوران لیے گئے اعداد و شمار ہیں۔ لیڈی گاگا بہت ہی معمولی فرق کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
ٹیلر سوِفٹ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں
اس فہرست میں شامل دیگر فنکاروں میں جینیفر لوپیز دو کروڑ 85 لاکھ ڈالر، مارایا کیری دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور ریانا دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے سے ساتھ موجود ہیں۔ برٹنی سپیئرز جنھوں نے حال ہی میں اپنی نئی البم پر کام کرنے کا اعلان کیا ہے چھٹے نمبر پر ہیں جن کی گذشتہ سال کی کمائی تین کروڑ دس لاکھ ڈالر رہی۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال سب سے زیادہ کمانے والی موسیقار بیونسے تھیں جنھوں نے 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ کمائے تھے۔ سنہ 2014 بیونسے کے کریئر کا ’سب سے بہترین سال تھا‘۔ فوربز کے مطابق انھوں نے 2014 میں 95 شوز کیے تھے اور اوسطاً فی شہر دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائے تھے۔ تاہم اس سال بیونسے پانچویں پوزیشن پر ہیں جن کی کمائی اندازاً پانچ کروڑ 45 لاکھ ڈالر رہی۔