|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2015

کوئٹہ:  پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سربراہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی خطے میں ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے اقتصادی راہداری سے حاصل ہونے والے ثمرات دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید استحکام بخشیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی تاریخ 65 سال پرانی ہے دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا چائنا پاک اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ممالک کی اس دیرینہ دوستی کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ اس سے ترقی کی راہیں بھی کھلیں انہوں نے چینی سفیر کی بلوچستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر کو بلوچستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں یہ یقین دلاتے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو بروقت تکمیل تک پہنچانے اور مرکزی حکومت ہرممکن تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی ملک کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی یہی وجہ ہے کہ بھارت اس سے خائف ہے اور مذموم سازشوں میں مصروف عمل ہے مگر اپنے ملک کے دشمنوں پر واضع کردینا چاہتے ہیں کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹیں حائل کرنے والوں کو کسی صورت کامیابی حاصل نہیں ہونے دیں گے بلوچستان کے غیور عوام اس طرح کے ہتھکنڈوں سے واقف ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جو پالیسیاں مرتب کی ہیں ان پر من و عین عملدرآمد کا وقت آچکا ہے ۔