|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2015

کوئٹہ :  پاکستان میں متعین چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے 42بلین روپے کے منصوبوں سے پاکستان اور بلوچستان خوشحال ہونگے چینی سرمایہ کار صوبے میں کئی منصوبوں پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کی رات کو سرینا ہوٹل کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی چینی سفیر نے کہاکہ دونوں ممالک نے آئندہ پانچ سے دس سال کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے ۔ منصوبوں کے تحت بلوچستان میں گوادر پورٹ کو مزید فعال بنانے کے لئے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا اورتوانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، مقامی ماہی گیروں کو سڑکوں کے ذریعے منڈیوں تک رسائی دی جائے گی انہوں نے کہاکہ ہم پر امن پاکستان چاہتے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تقریب سے پرنس موسیٰ جان صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی خطاب کیا مقررین نے چین پاکستان دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاک چین اقتصادی کوری ڈور کے معاہدے سے دونوں ممالک بالخصوص بلوچستان میں ترقی و خوشحالی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے چین نے 1.3کروڑ ڈالردئیے ہیں تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان بلیدی اور دیگر معزز مہمانوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔