کھٹمنڈو: نیپالی حکام نے قومی فٹبال ٹیم کے 5 کھلاڑیوں پر ورلڈ کپ 2014 کے کوالیفائینگ راؤنڈ سمیت دیگر کئی میچز میں مبینہ فکسنگ کے الزامات پرغداری کا مقدمہ درج کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیپالی حکام نے متعدد میچز اور خاص طور پر برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2014 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میچ میں فکسنگ کے الزام کے بعد غداری کا مقدمہ درج کرلیا جب کہ پولیس نے پانچوں کھلاڑیوں کو گزشتہ ماہ حراست میں لیا تھا۔ جن کھلاڑیوں کو غداری کے مقدمے کا سامنا ہے ان میں قومی فٹبال ٹیم کے کپتان ساگر تھاپا، گول کیپر رتیش تھاپا، دفاعی کھلاڑی سندیپ رائے، انجن کے سی اور سابق کھلاڑی بیکاش سنگھ چیتری شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق پانچوں کھلاڑیوں نے پیسے لے کر میچ ہارنے کا الزام قبول کرلیا ہے اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی کھلاڑیوں نے بھاری رقوم کے عوض ناقص کاکردگی پیش کی جس کی وجہ سے اردن کے خلاف میچ میں ٹیم کو 0-9 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس پانچوں کھلاڑیوں کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں اور عالمی میچ فکسرز نے ملائشیا اور سنگاپورسے پانچوں کھلاڑیوں کے بینک اکاؤنٹ میں بھاری رقم منتقل کی۔
واضح رہے کہ پانچوں کھلاڑیوں پر الزامات ثابت ہونے کے بعد غداری کے مقدمے کے تحت عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
پانچ نیپالی فٹبالرز کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم
وقتِ اشاعت : November 9 – 2015