|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2015

گوادر : نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آف اسلام آباد سے 110آفیسران پر مشتمل وفد نے گوادر کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے گوادر پورٹ اٹھارٹی اور ادارہ ترقیات گوادر کی بریفنگ میں شرکت کی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے آئے ہوئے آفیسروں میں سے 34 آفیسروں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرازق درانی نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر بندرگاہ کو مزید فعال بنانے کے لئے صوبوں میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے، ریلوے ٹریک اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنوری 2016ء تک کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان اور چین کے ساتھ ساتھ خطے کے لئے بھی بھرپور افادیت اور اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں چین کو 637ایکٹر اراضی فری تجارتی زون کے لئے مختص کی گئی ہے۔ گوادر اقتصادی راہداری سے سرمایہ کاری کے مواقعوں میں اضافے اور انہیں دیرپا معاشی سرگرمیوں کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ہوگا اور حکومت گوادر کو فری پورٹ قرار دینے جارہی ہے جس سے کامیاب سرمایہ کاری کے مواقعوں میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ (جے سی سی) جوائنٹ کوآرڈیننس کمیٹی کے اجلاس میں بہت سے منصوبوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جن میں پانی وتوانائی کے شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دی جائے گی جس سے گوادر کے گہرے پانی کی بندرگاہ کی اہمیت میں اضافہ ہوگااو ر یہ خطے کا تجارتی مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ تعلقات اور دوستی پر گہرا اعتماد رکھتے ہیں کیونکہ چین نے ہمیشہ ہرسطح پر پاکستان کو معاشی، تکنیکی، اقتصادی وسفارتی معاونت فراہم کیاہے۔ گوادر بندرگاہ اور کاریڈور پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی کی عظیم مثالیں ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں پاک آرمی کے تعاون سے گوادر کی جامع سیکورٹی کی منصوبہ بندی کررہی ہیں،وفاقی حکومت کے تعاون سے گوادر سٹی پروجیکٹ پر جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے بشمول پاکستان آرمی گوادر بندرگاہ اور اقتصادی راہداری کی سیکورٹی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اور گوادر اقتصادی راہداری کے تحفظ کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے آفیسروں کو ڈی جی جی ڈی اے ڈاکٹر سجاد بلوچ نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زیرنگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں اور گوادر ماسٹر پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے آفیسروں نے گوادر بندرگاہ کا بھی دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔