کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے دیگر صوبوں کے مقابلے سب سے پہلے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کرواکر جمہوری اداروں اور اقدار کے استحکام کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ گذشتہ روز یہاں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کررہے تھے جو ان دنوں بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے ہیں گورنر نے کہا کہ بلدیاتی ا دارے جمہوریت کی نرسری کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیں آئین کے مطابق منتخب بلدیاتی ا داروں اور نمائندوں کے معاشی وا تنظامی اختیارات کا دو ٹوک انداز مین تعین کرنا ہوگا تاکہ یہ ادارے آئین اور قانون کے مطابق نچلی سطح پر عام آدمی کے مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے گوادر کے حوالے سے کہا کہ گوادر کی ترقی سے جہاں ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے وہیں اس سے گوادر اور بلوچستان کے لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی قائدین کی بھی یہ خواہش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں سے بلوچستان کے عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بات بلوچستان میں مقامی آبادیوں کی حقیقی نمائندہ جماعتوں کی حکومت برسراقتدار آئی ہے اور اس نے عوام کی توقع کے مطابق تعلیم اور صحت کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے جس ترقیاتی حکمت عملی پر کام شروع کیا ہے وہ صوبے کے بہتر مستقبل کیلئے سازگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے بلوچستان میں پانی کی قلت اور زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اایک نتہائی حساس اور بڑا مسئلہ ہے جس سے مکمل طور پر نمٹنے کیلئے صوبے کے اپنے وسائل کافی نہیں اور اس مسئلے کے حل کیلئے وفاقی حکومت کو خصوصی تعاون کرنا ہوگا۔ ناراض بلوچوں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنرنے کہا کہ وفاق اور صوبے کی سطح پر قائدین ناراض بلوچ رہنماؤں سے رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ ان کی کاوشیں جلد بارآور ہوں گی۔ اس موقع پر موجود صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عام آدمی کی حالت بہتر بنانے اور صوبے کو ترقی دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے تاہم اس کے پاس دستیاب وسائل نہایت محدود ہیں اور موجودہ بجٹ کا بڑا حصہ غیر ترقیاتی سرگرمیوں پر خرچ کرنا پڑتا ہے تاہم صوبائی حکومت صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں صنعتی ترقی نہ ہونے کے باعث لوگوں کا تمام تر انحصار سرکاری شعبے پر ہے اس کے علاوہ کوئٹہ میں پانی کا سنگین مسئلہ اور دیگر ایسی مشکلات درپیش ہیں جنہیں موجودہ محدود بجٹ میں حل کرنا ممکن نہیں ہے آخر میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے وفد کے قائد میجر جنرل نوائل ازرائیل کھوکھر اور گورنر نے یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا۔ گورنر نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔