|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2015

کوئٹہ / اندرون بلوچستان:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے متعدد اضلاع کے علاقوں میں شدید سردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے خون جما دینے والی سردی کے دوران گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے تفصیلات کے مطابق کوئٹہ قلات زیارت پشین مستونگ سبی خضدار قلعہ عبداللہ قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سمیت شمالی بلوچستا ن کے مختلف علاقے گزشتہ تین روز سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہے عوام کی مشکلات میں اضافے کی ایک خاص وجہ گیس پریشر میں کمی اور گھنٹوں گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ بھی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور سردی سے بچنے کیلئے متبادل ذرائع کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے صورتحال کو دیکھتے ہوئے لکڑی کوئلہ اور ایل پی جی گیس فروخت کرنیوالوں نے بھی من مانا اضافہ کردیا ہے گزشتہ روز اس وقت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی بشیر آباد سیٹلائٹ ٹاؤن پشتون آباد سریاب روڈ سرکی روڈ جان محمد روڈ سمنگلی روڈ مشرقی بائی پاس منو جان روڈ اور دیگر سمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید دھچکا لگا جب صبح سویرے انہیں گیس پریشر کے دم توڑنے کی خبر ملی جس کے باعث معصوم بچوں کی بڑی تعداد ناشتہ کئے بغیر امتحانی پرچے دینے کیلئے سکولز روانہ ہوئے جبکہ بعض کے والدین نے فوری طور پر انہیں شہر کے مختلف ہوٹلوں اور دیگر سے کھانے پینے کی اشیاء لیکر دیں جبکہ دوپہر کے کھانے کی تیاری کیلئے اہلیان شہر کو ایل پی جی کوئلہ اور لکڑیوں کا سہارا لینا پڑا لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں جدید دور میں بھی پرانے زمانے کی جیسی صورتحال کا سامنا ہے وہ اپنے آباؤ اجداد کی طرز پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ایک طرف سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام یہ دعوے کرتے ہوئے نہیں تھکتے کہ گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ مکمل طور ختم کردیاگیا ہے اور لوڈ شیڈنگ کا لفظ اس محکمے میں سرے سے موجود ہی نہیں مگر حقیقت ہے کہ نہ صرف کوئٹہ کے نواحی اور وسطیٰ علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کا لوگوں کا سامنا ہے بلکہ اس کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے شدید سردی سے بچنے کیلئے عوام نے گرم مشروبات مچھلی مرغن غذاؤں کا استعمال بڑھا دیا ہے جن کی بھی قیمتوں میں بھی من مانہ اضافہ کیا جاچکا ہے جمعرات کے روز صبح سے ہی یخ بستہ ہواؤں کے باعث عوام مشکلات سے دوچار رہے کوئٹہ کے علاوہ سبی خضدار سبی مستونگ قلات قلعہ عبداللہ قلعہ سیف اللہ پشین زیارت میں بھی شدید سردی کے باعث لوگوں کی معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی کوئٹہ میں گزشتہ دو دنوں کی طرح جمعرات کے روز شہر کے مختلف علاقے اور تجارتی مراکز سنسان رہے ۔