|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2015

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے یہاں عالمی ادارہ برائے خوارک اور زراعت (ایف اے او) کے ایک وفد نے انٹرنیشنل پروجیکٹ مینیجر مسٹرMarcel Stallenکی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں مختلف شعبوں بالخصوص آبپاشی کے شعبوں میں تعاون کی فراہمی کے امکانات کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ بلوچستان قدرتی و سائل اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے ان وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے خوارک کی پیداوار بڑھانا نا گزیر ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کولڈ سٹوریج کے قیام سے روز گار کے وسیع مواقع فراہم ہونگے تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ گورنر بلوچستا ن نے کہا کہ صوبے میں پانی انتہائی کم ہے اور زیر زمین پانی کے ذخائر بھی ختم ہو رہے ہیں اس سلسلے میں زیر زمین پانی بلند کرنے اور بنجر زمینوں کو زیر کاشت بنانے کے لئے نئے ڈیمز تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بھی پانی کی کمی کا مسئلہ در پیش ہیں ۔ اس ضمن میں ایف اے او تعاون فراہم کر سکتا ہے ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی بہت کم ہے ۔ لیکن یہاں کے لوگ جفاکش اور محنتی ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ اُن کو جدید فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائے تاکہ نہ صرف وہ اپنے ضرورت پورا کرنے کے قابل ہوجائے بلکہ ملک کے دیگر منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے قابل ہوسکے گے ۔ ایف اے او کے سربراہ نے گورنر بلوچستان کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکا ادارہ بلوچستان کے ان شعبوں کے لئے تعاون فراہم کرنے امکانات کا جائزہ لے گا۔