کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع زیارت، قلعہ سیف اللہ اور بارکھان میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین مطلوب دہشتگردوں سمیت بارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ دہشتگردوں کے چار ٹھکانے تباہ کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ترجمان ایف سی کے مطابق زیارت کی تحصیل سنجاوی کے پہاڑی علاقے میں ایف سی اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور دہشتگردوں کے چار ٹھکانوں کوتباہ کردیا۔ کارروائی کے دوران سات مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے ایک ہزار کلو گرام دھماکا خیزمواد، بارہ مختلف اقسام کی رائفلیں، چار کلاشنکوف، ایک پستول ، ایک مارٹر گولہ اور دیگر اسلحہ برآمد کیاگیا۔ برآمد ہونے والے دھماکا خیز مواد کو موقع پر دھماکا کرکے ناکارہ بنادیا گیا۔ ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ کوئٹہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے چھپا رکھا تھا۔ دوسری جانب ضلع قلعہ سیف اللہ میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی اور ایک مکان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تین مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ ادھر ضلع بارکھان کے علاقے بغاؤ میں سرچ آپریشن کے دوران ایف سی نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ایک کلاشنکوف اوردو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ۔