|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2015

کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت سوموار کے روز سیکریٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا جس میں صوبے میں ترقیاتی اسکیمات اور محکمانہ کارکردگی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) سمیت تمام سیکرٹریز موجود تھے۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل اور کام کے میعار کی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ رقم اور وقت کا ضیاع نہ ہو اور عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہوسکے۔ دسمبر کے آخر تک ترقیاتی اسکیموں کے پی سی ون کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ترقیاتی کاموں سے متعلق تصویروں کے ساتھ پروگریس ریویو، اجلاس بلانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ اور شفاف بھرتیوں سے متعلق متعلقہ قوانین اور کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔