|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2015

کوئٹہ :  نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ نواب اکبر خان بگٹی کی لازوال قربانی کا نہ صرف بلوچ بلکہ ملک اور عالمی دنیا متعرف ہے، نواب اکبر بگٹی کی شہادت بلوچستان کی تاریخ کا ایسا واقعہ ہے، جسے رہتی دنیا تک کوئی بھی بااصول اور ذی الشعور شخص جھٹلا نہیں سکتا ہے، ترجمان نے گذشتہ روز سابق سینیٹر امان اللہ کنرانی کی پریس کانفرنس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امان اللہ کنرانی نے سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اس کا منفی تاثر لیا ہے کہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نواب اکبر خان بگٹی کی پارٹی سے متعلق کو منفی رائے رکھتے ہیں، حالانکہ جنرل مشرف کے آمرانہ اقدام نواب اکبر بگٹی کی شہادت اور ان کی پارٹی کے خلاف ناروا طاقت کے استعمال کے باعث نواب اکبر بگٹی کی پارٹی شدید متاثر ہوئی کیونکہ ان کی پارٹی کو سیاسی میدان میں کھل کر کردار ادا کرنے کے لیے منصفانہ ماحول فراہم نہیں کیا گیا، ترجمان نے کہا ہے کہ امان اللہ کنرانی معاملہ فہم سیاستدان ہیں ان سے گزارش ہے کہ وہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کے بیان کو نواب اکبر بگٹی یا ان کی پارٹی کے حوالے سے منفی انداز میں نہ لیں، نواب اکبر خان بگٹی نے اصولوں اور بلوچ قوم کے بہتر مستقبل کے لیے شہادت کا رتبہ حاصل کیا ان کی قربانی سے متعلق کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی جبکہ شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت بھی ملک کی جمہوری و سیاسی قوتوں کے لیے کسی بھی المیے سے کم نہیں ہے۔