|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2015

کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے بدھ کے روز چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جس کے مطابق این ایچ اے ڈیرہ اسماعیل خان۔مغل کوٹ۔ ژوب سیکشن (N50) کو توسیع دے کر چار رویہ (Dual Carriage Way) کی تعمیر کرے گا کیونکہ مغربی روٹ کی بقیہ تمام رابطہ سڑکیں اس سے ہی منسلک ہوں گی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق این ایچ اے ضروری فنڈز کے حصول کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک (Asian Development Bank) سے مذاکرات کرے گا۔ ہدایت میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ اے ڈی پی کے ساتھ مذاکرات ترجیحی بنیادوں پر ایک ماہ کی مدت میں مکمل کئے جائیں گے اور اے ڈی پی سے ضرورت کے مطابق فنڈز حاصل نہ ہونے کی صورت میں اضافی ضروری فنڈنگ پی ایس ڈی پی (PSDP) سے مہیا کی جائے گی۔ مغربی روٹ کے لئے مختص کی جانے والی اراضی میں چھ رویہ (6 lans) شاہراہ کی گنجائش موجود ہوگی تاکہ مستقبل میں اس کی توسیع میں کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔ مغربی روٹ کے ساتھ مستقبل میں صنعتی زونوں کے لئے مقامات کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے کنوینر سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہوں گے جبکہ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، چیف سیکریٹری بلوچستان، چیئرمین این ایچ اے، نمائندہ فنانس ڈویژن (کم از کم گریڈ۔21) کمیٹی کے ارکان ہوں گے جبکہ سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ کمیٹی کے سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ مذکورہ کمیٹی پندرہ دنوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ وزیراعظم پاکستان کو پیش کرے گی۔ گورنر بلوچستان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام کے آغاز کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ تمام منفی عناصر کی قیاس آرائیاں غلط ثابت ہوگئی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے کا نقشہ بدل جائے گا اور عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔