کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت باجوڑ، جنڈولہ، ژوب روٹ کو مغربی روٹ سے منسلک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مغربی روٹ پر فوری طورپر کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ کی تعمیر سے نہ صرف قبائلی علاقہ جات میں ترقی کی راہیں کھلیں گی بلکہ اس سے بلوچستان سمیت پورے خطے میں اقتصادی ترقی کا انقلاب برپاہوگا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔