|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2015

کوئٹہ : وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نہ میں پہلے وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں تھا اور نہ اب ہوں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کا پارلیمانی گروپ نواب ثناء اﷲ زہری کی قیادت میں متحد ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں۔من گھڑت خبروں کے ذریعے پارلیمانی گروپ میں بد گمانیاں پیدا کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ مری معاہدہ ایک حقیقت ہے جس کی پاسداری اتحادی جماعتیں کریں گی۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس خبر کی سختی سے تردید کی کہ جس میں کہا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر نواب ثناء اﷲ زہری نے وزارت اعلیٰ کیلئے ان سے رابطہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ میر سرفرازبگٹی نے اس خبر کو من گھڑت اور پارلیمانی گروپ میں دراڑیں ڈالنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواب ثناء اﷲ زہری اور ان کے درمیان ایسے موضوع پر کوئی رابطہ نہیں ہوا نواب ثناء اﷲ زہری (ن) لیگ بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر اور (ن) لیگ کی جانب سے مری معاہدے کے تحت وزارت اعلیٰ کے اُمیدوار ہیں اور پارلیمانی گروپ ان کی سربراہی میں متحد ہے۔ بعض عناصر پارلیمانی گروپ میں ایسی من گھڑت خبریں چلا کر بدگمانی پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد پورے کرنا چاہتے ہیں ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی ان سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے کیونکہ (ن) لیگ کے پارلیمانی گروپ میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پارٹی کے ایک ادنیٰ کارکن ہیں آج وہ جس عہدے پر فائز ہیں اور اﷲ نے انہیں جو عزت و احترام دیا ہے پہلے وہ اﷲ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں پھر وہ سمجھتے ہیں کہ یہ عزت افزائی وزیراعظم میاں نواز شریف اور نواب ثناء اﷲ زہری کی مرہون منت ہے۔ جہاں تک مری معاہدے کا تعلق ہے تو وہ ہمیں اُمید ہے کہ ہماری اتحادی جماعتیں اس کی پاسداری کریں گے اور (ن) لیگ کو آئندہ اڑھائی سال کیلئے اس معاہدے کے تحت وزارت اعلیٰ کا منصب ملنا ہے انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل نہیں تھے اور اب بھی نہیں ہیں وہ پارٹی کے ایک ادنیٰ کارکن کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے ان کے متعلق ایسی خبریں پھیلانے والوں کے عزائم پارٹی میں پھوٹ ڈالنا ہے جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں اور ایسے عناصر کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ ان حرکات سے باز آجائیں ورنہ وہ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔