کراچی: سابق کرکٹر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے محمد حفیظ اور اظہر کی جانب سے محمد عامر کی مخالفت کے بعد پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کی پیشکش کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے تربیتی کیمپ میں محمد عامر کا نام بھی شامل کیا تھا لیکن گزشتہ روز ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ نے عامر کی موجودگی کے سبب ٹرینگ کیمپ میں شرکت سے انکار کر کے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک نئے مسئلے سے دوچار کردیا تھا۔
اظہر علی نے اس معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد عامر کا کیمپ میں ہونا قبول نہیں، جب تک محمد عامر کیمپ میں موجود ہیں ہم شریک نہیں ہوں گے اور اس معاملے پر چیئرمین پی سی بی سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا تھا کہ وہ محمد حفیظ اور اظہر علی کو سمجھانے کی کوشش کریں گے لیکن اگر وہ نہ مانے تو پھر ان کے خلاف تادیبی کارروائی ہو سکتی ہے.
اس صورتحال میں پاکستان کرکٹ میں نئی کشیدہ صورتحال پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیم میں بغاوت کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے کیونکہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے مطابق کپتانوں اور متعدد کھلاڑیوں کو عامر کی ٹیم میں شمولیت پر تحفظات ہیں۔
اس موقع پر جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے معاملے کو حل کرنے کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی اور دعویٰ کیا کہ وہ یہ مسئلہ فوراً حل کر سکتے ہیں۔
سابق کرکٹر باسط علی نے ڈان نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ تھوڑی ہی دیر میں اس معاملے کا حل تلاش کرسکتے ہیں، اگر پی سی بی انہیں عامر، حفیظ اور اظہر سے بات کرنے کا موقع دے تو یہ مسلہ فوراً حل ہو جائے گا۔
واضح رہے کے باسط علی ڈومیسٹک ٹیم سوئی ناردرن گیس کے کوچ ہیں اور حفیظ اور اظہر ڈومیسٹک کرکٹ میں اسی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں۔
عامر کا تنازع حل کرنے کیلئے باسط علی کی پیشکش
وقتِ اشاعت : December 25 – 2015