دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2015 میں قومی ٹیم کے کامیاب ترین بالر یاسر شاہ کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کردیا ہے جس کے بعد ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد لگ گئی ہے ۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی اعلامیے کے مطابق 13 نومبر کو متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ڈوپ ٹیسٹ کے لئے یاسر شاہ کے یورین کے نمونے لئے تھے، جن کی رپورٹس میں ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے،ان کے نمونوں میں ممنوعہ کیمیائی مادہ کلورٹالیڈون پایا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یاسر شاہ کی معطلی کے دورانیے کا اعلان نہیں کیا تاہم انہیں واڈا کے سیکشن 5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ یاسر شاہ معطلی کے فیصلے کو چیلنج کرسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور اس دوران انہوں نے کچھ ایسی ادویات استعمال کی ہوں گی جس میں ممنوعہ اجزا شامل ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر شاہ 2015 میں قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بالر رہے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین ففٹی مکمل کرنے کا عزاز اپنے نام کیا ہے۔