میڈرڈ:اسپین کی عدالت نے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کی کوپا ڈیل رے ٹورنامنٹ میں شرکت کی درخواست مسترد کردی۔
ریال میڈرڈ کو رواں ماہ 2 دسمبر کو کیڈیز کے خلاف میچ میں معطل کھلاڑی ڈینس کو میدان میں اتارنے کی پاداش میں کوپا ڈیل رے سے باہر کردیا گیا تھا۔
ریال میڈرڈ کوپاڈیل رے کا 19 مرتبہ کا چمپیئن کلب ہے تاہم ان کی سنگین غلطی پر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا گیا ہے ریال نے 14-2013 میں کوپاڈیل رے جیتا تھا جبکہ گزشتہ برس 15-2014 کا کپ بارسلونا نے جیتا تھا.
کلب عدالت کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتا ہے لیکن اس کو اسپین کی عام مقدموں کی عدالت میں جانا پڑے گا۔
ریال میڈرڈ اسپین کے سب سے بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ لالیگا میں تیسرے نمبر پر ہے، بارسلونا اور ایٹلیٹکو میڈرڈ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
کوپا ڈیل رے کا اگلا مرحلہ 6 جنوری 2016 سے شروع ہوگا۔