|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2015

کوئٹہ: سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نیشنل ایکشن پلان پر سو فیصد عمل درآمدممکن بنایا گیا ہے ، صوبے میں نیپ کے تحت مختلف کارروائیوں میں 204 خطرناک دہشت گرد مارے گئے ، دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے تھا تاہم ان کاروائیوں کے دوران 70 پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں ۔ آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے اکبر حسن درانی نے بتایا کہ صوبے میں1973انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئی جن میں بڑی کامیابیاں ملیں اور دہشت گردی کے بڑے منصوبے ناکام بنادیئے گئے ۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ بلوچستان میں پولیس ، لیویز ، ایف سی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے نیپ کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ہزا رسے زائد مشتبہ دہشت گرداور جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ 2 سال کے دوران جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی ہوئی ہیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد اسی طرح جاری رہا تو صوبے کے لوگ دہشت گردی کے واقعات بھول جائیں گے اور بلوچستان ماضی کی طرز پر ایک مرتبہ پھر امن کا گہوارہ بن جائے گا۔