|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2016

گوادر: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دورہ گوادر کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان کی تعمیر وترقی کے لیے فرنٹئیر ورک آرگنائزیشن کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیگی اور پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاک چین اقتصادی راہداری کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے شاہراہ میں پلوں ااور کلوٹس کی تعمیر کے رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے ہونے والے تعمیراتی منصوبوں میں چینی قیادت اور ماہرین سے مشاورت کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں پانی کی فراہمی سب سے اہم مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ گوادر کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ہونے والے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی ،انہوں نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے سمند ر کے پانی کو قابل استعمال بنانے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں مزید ڈی سینٹلیشن پلانٹس لگانے اورڈیموں کی مرمت اور مزید ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے گوادر میں بجلی اور صحت کے منصوبوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی اور پورٹ کو قابل استعمال رکھنے کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی ناگزیر ہے اور حکومت بجلی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریگی،انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق منصوبے بھی بہت اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت عوام کو صحت ،تعلیم اور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوئی بھی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے رابطہ ہوچکا ہے یہ بھی طے پایا گیا کہ وہ جلد ہی گوادر کا تفصیلی دورہ کرینگے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیروں کے روزگار اور حقوق کا تحفظ کیا جائیگا ۔انہوں نے بتایا کہ گوادر میں مغربی جے ٹی بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی وعسکری قیادت ایک پیج پر ہے اورعسکری قیادت نے ملک اور خاص طور پربلوچستان کی اقتصادی اور معاشی ترقی کے اس اہم منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ خضدار ،شہداد کوٹ ہائی وے کے باقی ماندہ سیکشن پر ایف ڈبلیو او جلد کام شروع کردیگا اور اس شاہراہ کی تعمیر جنگی بنیادوں پر کی جائیگی۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گزشتہ روز تربت ،تالار اور گوادر کے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کا جائزہ لیا اور تالار میں جاری ترقیاتی اسکمیوں پر کام کرنے والے عملے اور بلڈوزروں کے ڈرائیوروں سے بھی ملاقات کی اور انکے کام پر اطمینان کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی جائے پیدائش بلوچستان ہے اور اسی نسبت سے وہ اسے اپنا گھر سمجھتے ہے کہ یہی وجہ ہے کہ وہ صوبے کی تعمیر وترقی میں ذاتی دلچپسی لے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر کا دورہ کرنے اور صوبے کی ترقی میں گہری دلچسپی لینے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔