|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2016

اسلام آباد : صدرمملکت ممنون حسین سے وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اﷲ زہری نے منگل کے روز ایوان صدر میں ملاقات کی اور انہیں بلوچستان کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سردار ثناء اﷲ زہری کی صدر پاکستان سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے صوبہ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر انہیں مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ان کی قیادت میں ترقی کرے گا اور وہ اس سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین کو وزیراعلیٰ ثناء اﷲ زہری نے صوبے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی اور اپنے آئندہ کے منصوبوں اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر انہیں ہدایت کی کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور امن و امان کی بحالی و عوام کی خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وفاق صوبائی حکومت سے تعاون جاری رکھے گا۔