لاہور: وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے پنجاب کے دورے پر آئے بلوچستان کے ضلع خضدارکے گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبا کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے بلوچستان کے طلبا ء اور اساتذہ کو لیپ ٹاپ دیئے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بلوچستان کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے اور چاروں صوبے ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ جب تک چاروں صوبے ترقی نہیں کریں گے، پاکستان ترقی نہیں کر سکتا،چاروں صوبے ترقی کریں گے تو ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ ہم نے مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحال کا سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے درخشاں ستارے ہیں اور قوم کے ان معماروں پر جتنی بھی سرمایہ کاری کی جائے وہ کم ہے،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے اربوں ر وپے کے وسائل فراہم کیے ہیں کیونکہ ہمارے بچے جتنے زیادہ تعلیم یافتہ ہوں گے پاکستان اتنی زیادہ ترقی کرے گا۔نوجوانوں سے قوم کو بہت امیدیں اورتوقعات ہیں،لہذا آپ سب کو دن رات محنت کرنا ہے ،تعلیم حاصل کرنی ہے اورمختلف شعبوں میں ہنر سیکھنے ہیں کیونکہ دنیا کی ترقی یافتہ اقوام نے تعلیم کے ہنر سے آراستہ پراستہ ہوکر ترقی کی منازل طے کی ہیں اوراب یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو اقوام عالم میں عظیم مقام دلانے کیلئے دن رات محنت سے کام کریں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگرامز میں بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، دانش سکولز، لیپ ٹاپ سکیم، ہونہار طلبا و طالبات کے بیرون ملک مطالعاتی دوروں اور پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعام دینے جیسے انقلابی پروگرامز میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت کے اس اقدام سے قومی یکجہتی، یگانگت، بھائی چارے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی کہ ہم ایک قوم کی طرح زندہ رہیں اورشیروشکرہوکرآگے بڑھیں۔ملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ہم سب نے ملکر اس سفر کو طے کرنا ہے ۔ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے کاسوچنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ذاتی طورپر دلچسپی لے رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے چند روز قبل ژوب میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔