|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2016

اسلام آباد :  معروف بلوچ سیاستدان اور نیشنل پارٹی کے راہنما عبدالحئی بلوچ نے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پاکستان کی تمام بیماریوں کا علاج ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار ہم ملک میں حقیقی جمہوریت اور قانون و انصاف کی فراہمی یقینی بنالیں تو بطور قوم ہمإں جو بھی مسائل درپیش ہیں وہ خود بخود حل ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت تک سیاسی اور اقتصادی بحرانوں سے نہیں نکل سکتا جب تک حقیقی اقتدار اسٹیبلشمنٹ کے پاس رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہمیشہ عوامی مرضی اور حقیقی اقتدار کے حامل لوگوں کے درمیان کشیدگی رہی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی انتخابات ہوئے اسٹیبلشمنٹ کا اثر و رسوخ ان پر برقرار رہا اور وہی لوگ منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آ بیٹھے جنہیں اسٹیبلشمنٹ کی حمائت حاصل رہی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ایشو نوئے فیصد سیاسی ہے بلوچستان کے عوام اپنے وسائل کی ملکیت چاہتے ہیں جبکہ اسٹیبلشمنٹ کو بلوچ عوام نہیں بلکہ صرف ان کے وسائل کی ضرورت ہے ۔