|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2016

نوشکی : نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالخالق بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کررہی ہے ساحل اور وسائل کے دفاع اور حق حاکمیت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ڈاکٹر مالک بلوچ کا ڈھائی سالہ دور تاریخ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی نوشکی کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس سے ضلعی صدر فاروق بلوچ، جنرل سیکرٹری ظاہر بلوچ، کامریڈ جمیل ، ربنواز بلوچ اور بیبرگ بلوچ نے بھی خطاب کیا عبدالخالق بلوچ نے کہا کہ خطے میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہوگا اس لئے تمام کارکن پارٹی پیغام کو پھیلا کر نیشنل پارٹی کو منظم کریں انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اوراقتصادی راہداری منصوبے کے بعد بلوچ خدشات کا شکار ہیں کہ غیر مقامی افراد کی یلغار سے وہ اقلیت میں تبدیل ہوجائیں گے لہذا بلوچوں کے خدشات اور تحفظات کو مد نظر رکھتے ہوئے قانونی سازی کی جائے اور غیر مقامی افراد کو شناختی کارڈ، لوکل اور پاسپورٹ کا اجراء نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ترقی پسند جماعت ہے لیکن ایسی ترقی کو قبول نہیں کرسکتے جس سے ہماری تشخص، کلچر، زبان کو خطرہ ہو انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مالک بلوچ نے ڈھائی سالہ دور میں بھر پور طریقے سے بلوچستان کے ساحل اور وسائل کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نیشنل پارٹی کے کارکنوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ لوگوں میں سیاسی شعور اجاگر کریں اور نیشنل پارٹی کو ایک قومی جماعت بنائیں تاکہ حالات کا مقابلہ کیا جاسکیں۔انہوں کہاکہ موجودہ حالات میں افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری کے حوالے سے خدشات ہیں لہذا مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔