|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے سیٹلائٹ ٹاؤن بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کو انجام تک پہنچا کرہی دم لیں گے۔ صوبے میں امن وامان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم حالت جنگ میں ہیں لہٰذا کسی قسم کی غفلت یا تساہلی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تمام عناصر،سہولتکار اور ایسے عناصر کو پناہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز امن وامان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء میرسرفرازبگٹی، عبدالرحیم زیارتوال، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب،صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،کمانڈنٹ غزہ بند کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں کوئٹہ شہر کی سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئی جی پولیس نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو سیٹلائٹ ٹاؤن میں بم دھماکے اور اس کے بعد سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ترجمان حکومت کے مطابق اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف بھر پور کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزراء سمیت پولیس، ایف سی اور اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے شرکت کی ، کوئٹہ سمیت بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں سیٹلائیٹ ٹاون بم دھماکے میں شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سیٹلائٹ ٹاؤن بم دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف بھر پور کارروائیوں کا حکم دیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی دہشتگرد گروپ سے رعایت نہیں بھرتی جائے گی۔ اجلاس میں پولیو مہم جاری رکھنے اور شہر میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پولیو مرکز پرخودکش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں صوبے میں امن وامان کے قیام میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر،گردونواح اورصوبے کے دیگر حصوں میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید موثر بنایاجائے،قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں مربوط طریقے سے معلومات کا تبادلہ کریں تاکہ شرپسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی رٹ برقرار رکھنے کے لئے تمام قانون نافذکرنے والے ادارے اے اور بی ایریا کی تفریق کے بغیر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات مہیا کرنے کی بھی ہدایت۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے قائمقام کمانڈر سدرن کمانڈ میجر جنرل آفتاب احمد خان اور آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن کے ہمراہ سی ایم ایچ جاکر زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور انہیں ہرممکن طبی امداد وسہولتوں کی فراہمی کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ نے سی ایم ایچ کے دوران زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور عوام کے تحفظ کے لئے جان کی پرواہ نہ کرنے پر اہلکاروں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے شہریوں کے تحفظ کے لئے جس جراء ت اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء و ارکان اسمبلی، عبدالرحیم زیارتوال، نواب محمد خان شاہوانی، جعفرخان مندوخیل،سینیٹر آغا شہباز درانی، میر خالد لانگو، سردار رضامحمد بڑیچ، ترجمان بلوچستان حکومت انوارالحق کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ خان چٹھہ، صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبرحسین درانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر قائمقام کمانڈر سدرن کمانڈ میجر جنرل آفتاب احمد خان نے سیٹلائٹ ٹاؤن بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کو انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے ۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے زخمیوں کی خیریت بھی دریافت کی۔ میجر جنرل آفتاب احمد خان نے سی ایم ایچ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی عیادت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔