|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2016

آکلینڈ : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 3 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی. 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل 2 رنز بنا کر 9 رنز کے مجموعی اسکورپر رن آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی نے کین ولیمسن کا ایک آسان کیچ گرا دیا، کولن مینرو 27 گیندوں پر جار حانہ 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھوں نے 6 چھکے اور 2 چوکے لگائے، کورے اینڈرسن صفر پر عماد وسیم کا شکار بنے. گرانٹ ایلیٹ 3 اور راؤنچی بغیر کوئی رن بنا ئے شاہد آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ سینٹنر بھی صفر پر عمر گل کو وکٹ دے بیٹھے. ٹوڈ ایسٹل 138 رنز پر ایک رن بنا کر عمر گل کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ ہنری 10 رنز بنا کر محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد پہلا شکار بنے. آخری اوور میں کین ولیمسن آخری اوور میں 70 اورٹرینٹ بولٹ صفر پر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے. نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی. آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور شاہد آفری کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی. پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے بیٹنگ کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز تک بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنائے تاہم چوتھے اوور میں احمد شہزاد نے ایڈم ملنے کو ایک چوکا اور ایک چھکا رسید کیا لیکن پانچویں گیند پر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ایلیٹ کو کیچ تھما کر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. صہیب مقصود صفر پر آؤٹ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز شعیب ملک تھے جنھوں نے حفیظ کے ساتھ مل کر اسکور کو 78 رنز تک پہنچایا اور 20 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے. محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ایڈم ملنے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. کپتان شاہد آفریدی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 147 رنز تک پہنچایا، انھوں نے 8گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کین ولیسمن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے. سرفراز احمد 2 رنز بنا کر ملنے کا شکار بنے جبکہ عماد وسیم 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. وہاب ریاض 2 اور عمر گل رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 بنا ئے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا. پاکستان ٹیم میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5 سال کی پابندی کا شکار فاسٹ باؤلر محمد عامرکی واپسی ہوئی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے والے نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم فٹ ہو کر ٹیم میں شامل ہوگئے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پرمشتمل ہیں۔ پاکستان شاہد آفریدی(کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، سرفرازاحمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، عمر گل، اور محمد عامر نیوزی لینڈ ٹیم کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، کورے اینڈرسن، گرانٹ ایلیٹ، راؤنچی، مچل سینٹینر، ٹوڈایسٹل، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ