|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2016

اوتھل: گڈانی میں کول پاور پروجیکٹ لگانے کے خلاف گڈانی کے عوام کا احتجاج،مظاہرین کاحبکو پاورپروجیکٹ کے گیٹ کے سامنے دھرنا ،مجوزہ کول پاورپروجیکٹ کے خلاف شدید نعرہ بازی،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزبلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل گڈانی کے ساحل پر قائم ملک کے سب سے بڑے نجی بجلی گھر حبکو پاور پروجیکٹ کے مین گیٹ کے سامنے گڈانی کے عوام نے گڈانی میں لگنے والے کول پاور پروجیکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے حبکو پاورپروجیکٹ کے مین گیٹ کے سامنے دھرنا دیا اس دوران مظاہرین نے گڈانی کول پاورپلانٹ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاوربینرز اٹھارکھے تھے جن پرفضائی آلودگی ،آبی آلودگی ،مچھلی کی نسل کشی ،ماہی گیروں کی بے روزگاری کا منصوبہ نامنظورکے نعرے درج تھے ،مظاہرین سے سابق سینیٹر اور میونسپل کمیٹی گڈانی کے چیئرمین وڈیرہ عبدالحمید بلوچ،وائس چیئرمین غلام قادر سیاپاد،یونین کونسل حبکو کے سابق چیئرمین محمد انور گدور اوریونین کونسل حبکو کے وائس چیئرمین محمد اقبال گدور،بلدیہ گڈانی کے کونسلر محمد امین بلوچ اوردیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لسبیلہ کی تحصیل گڈانی کے ساحل پر مجوزہ کول پاور پلانٹ کے منصوبے سے گڈانی ، حب سمیت گردونواح میں رہائش پذیر مکین شدید متاثراور موذی امراض میں مبتلاہوجائیں گے گڈانی کے ساحل پرجو کول پاور پروجیکٹ لگانے کا منصوبہ زیرغورہے اس قسم کے کول پروجیکٹس کو پوری دنیامیں مسترد کیا جاچکا ہے کیونکہ کوئلے سے بجلی بنانے کے عمل میں فضائی اور آبی آلودگی سمیت موذی امراض جیسے دمہ ، کینسر اور جلدی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے یہی وجہ ہے کہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس آبادی سے دور لگائے جاتے ہیں اور کول پاور پروجیکٹ تو ایک ایسا منصوبہ ہے جسے دنیامیں اب آہستہ آہستہ ختم کیاجارہاہے لیکن ہماری حکومت اس منصوبے کو یہاں لگاکریہاں کی عوام کو موذی بیماریوں میں مبتلاکرناچاہتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ گڈانی کے عوام ترقی کے خلاف نہیں لیکن ایسی ترقی نہیں چائیے جس سے یہاں کے لوگوں کو بیماریاں ملیں اور کول پاور پروجیکٹ یہاں کے عوام کیلئے کسی خطرے سے کم نہیں اس پروجیکٹ کویہاں کے عوام کو روزگارکیلئے نہیں بلکہ بیماریوں اور امراض میں مبتلا کرنے کے لئے قائم کیا جارہا ہے اس کول پاور پروجیکٹ کے لگنے سے اس منصوبے کے عین وسط میں واقع سمندری حیات بری طرح متاثر ہونگی اور گڈانی کے سمندر میں آلودگی کے باعث مچھلیاں ناپید ہو کر رہ جائیں گی انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر سے ہمارے گاؤں ،گوٹھ ،گھر،مکانات جدی پشتی ملکیت ،چراگاہیں ،ذریعہ معاش ماہی گیر ی ہم سے چھینا جارہاہے جوکسی صورت قابل قبول نہیں اور ہم یہ منصوبہ کسی صورت بننے نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ اگر گڈانی کول پاور پروجیکٹ کا منصوبہ منسوخ نہ کیا گیا تو ہم اپنی جانوں پر کھیل کر بھی اس منصوبے کا قیام یہاں ہونے نہیں دینگے اور اسکے خلاف ہرسطح پر آوازبلندکرتے رہیں گے اور احتجاج کو جاری رکھیں گے انہوں نے آخرمیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف،چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ گڈانی کول پاورپلانٹ کی قیام کافوری طورپر نوٹس لیکر اس قاتل منصوبے کومنسوخ کرائیں تاکہ گڈانی کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو۔