|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2016

ریاض: ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو ختم کرانے کے لئے وزیراعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف ثالثی مشن پر ریاض میں موجود ہیں جہاں پاک فوج کے سربراہ نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن راحیل سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی اور اس سے عالم اسلام میں پڑنے والے اثرات پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف اور سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی کنگ سلمان ایئر بیس پہنچے جہاں ان کا سعودی قیادت کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، مشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ بھی ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وزریراعظم نواز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے جس کے بعد وزیراعظم تہران جائیں گے جہاں وہ ایرانی صدر حسن روحانی سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابقسعودی عرب اور ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف 19 جنوری کو سوئٹزرلینڈ جائیں گے جہاں وہ ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔