|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2016

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے 4 اور ڈیرہ اسماعیل خان سے 2 افراد کی بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں۔ ریگی تھانے کے ڈی ایس پی سجاد کے مطابق 4 بوری بند لاشیں پشاور کے علاقے سفید سنگ سے برآمد ہوئیں۔ لاشوں کی شناخت 26 سالہ شیر امین، 23 سالہ بختیار، 21 سالہ عراق اور 19 سالہ محمد رفیق کے ناموں سے ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چاروں افراد کا تعلق خیبر ایجنسی سے تھا، جبکہ ان کے جسم پر گولیوں کے نشان نہیں ملے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے یارک سے بھی 2 بوری بند لاشیں برآمد کی گئیں۔
دونوں افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ خیال رہے کہ ماضی میں بھی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے لاشیں ملنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جن میں بعض شدت پسندوں کی لاشیں بھی شامل تھیں۔
خیبر پختونخوا کے علاوہ بلوچستان میں بھی آئے روز تشدد زدہ لاشیں ملنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
دو روز قبل بھی ضلع کیچ کے علاقے گور کوپ سے تین لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ لیویز کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا، جبکہ یہ لاشیں تقریباً تین روز پرانی تھیں۔ تقریباً ایک ماہ قبل بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے بھی تین مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔