|

وقتِ اشاعت :   January 22 – 2016

اسلام آباد: ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم خالد شمیم نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، محمد انور اور ان کے دیگر ساتھیوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور برطانوی ایجنسی ’’ایم آئی سیکس‘‘ کی مدد حاصل ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر بات کرتے ہوئے کیا۔ ملزم خالد شمیم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین ، محمد انور اور ان کے دیگر ساتھیوں کو برطانوی ایجنسی ایم آئی سیکس، بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ اور امریکا کی ’’سی آئی اے‘‘ کی مدد حاصل ہے۔صحافیوں کے سوال پر خالد شمیم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس کیس کو عالمی عدالت انصاف میں جانا چاہتے ہیں جس کے لیے مجھے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ خالد شمیم پہلے ہی کیس میں اقبالی بیان ریکارڈ کراچکاہے جس میں اس نے کہا ہے کہ اس نے سید محسن اور معظم علی کے ہمراہ عمران فاروق کو قتل کیا اور اس کے لئے انہیں ایم کیو ایم کے لندن سیکریٹریٹ سے رقم ملی تھی۔