کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی اور مستونگ میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے 500کلو گرام دھماکا خیز مواد اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ہرنائی کے پہاڑی علاقے کھوسٹ میں گومبدی نالہ پر کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع پر فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے نے کارروائی کی ۔ اس دوران وہاں موجود تین ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا اور وہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں500کلو گرام دھماکا خیز مواد، سات عدد گرنیڈ لانچر بم، چار عدد دیسی ساختہ بم، ایک عدد گرنیڈ لانچر ، سینکڑوں کارتوس ، درجنوں سیٹلائٹ اور وائرلیس فون ، بم بنانے والے آلات اور دیگر تخریبی مواد شامل ہیں جسے تحویل میں لے لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران چار مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ادھر ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں ایف سی نے ایک مشتبہ شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جس سے تفتیش شروع کردی گئی ہے ،تمپ میں سکیورٹی فورسز کی گشتی ٹیم پر فائرنگ،سکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی سے حملہ آور فراراطلاع کے مطابق تحصیل تمپ کے علاقے کونشکلات میں نامعلوم مسلح افراد نے سکیورٹی فورسز کی گشتی ٹیم پر فائرنگ کی سکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی کھوج کیلئے تمپ کے مختلف علاقوں میں سرچنگ شروع کردی ہے جبکہ ایک اور اطلاع کے مطابق سرچنگ کے دوران سکیورٹی فورسز پر نامعلوم سمت سے راکٹ فائر کیئے گئے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے،تمپ کونشقلات سے لیویز فورس نے لاش برآمد کر لی ،گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ہے لیویز فورس نے اطلاع ملنے پر تحصیل تمپ کے علاقے کونشقلات سے گولیوں سے چھلنی ایک لاش برآمد کر لی ہے جس کی شناخت منشی رحمدل ولد اسماعیل کے نام سے کی گئی مقتول مچات دشت کا رہائشی بتایا گیا ہے اس سلسلے میں لیویز نے تحقیات شروع کردی ہے۔