نیپئر: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ایک روزہ کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ بارش کے باعث کھیلے بغیرختم کردیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے شہر نیپئر میں صبح سے ہی تیز بارش کاسلسلہ دوپہر تک جاری رہا جس کے بعد امپائرز نے میچ کے حوالے حتیمی فیصلے کے لیے 7:19 بجے کا مقامی وقت مقرر کیا لیکن تقریباَ24 گھنٹے کی بارش کے باعث میدان کھیل کے لیے سازگار نہیں تھا۔
بلی باؤڈن اور بروس آکسنفرڈ نے 6:30 بجے ہی میچ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
نیپئر کے مکلین پارک کا یہ میچ پاکستان کے لیے سیریز میں کامیابی کے لیے کھیلنا لازمی تھا اب اگر پاکستان کو تیسرے میچ میں کامیابی مل جاتی ہے تو سیریز برابر ہوگی جبکہ نیوزی لینڈ کی کامیابی کی صورت میں سیریز ان کے نام ہوگی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم شروع میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود شکست سے دوچار ہوئی تھی۔
پاکستان کے باؤلرز نے نیوزی لینڈ کے 6 ابتدائی بلے بازوں کو 100 سے کم اسکور پر آؤٹ کیا تھا تاہم آخری اوورز میں کیوی بلے بازوں نے جارحانہ موڈ اپناتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان کے لیے حاصل کرنا ناممکن ثابت ہوا۔
نوجوان بلے باز بابر اعظم کے سوا پاکستان کے دیگر بلے بازوں نے غیر ذمہ داری کامظاہرہ کیا اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے ، یوں پوری ٹیم 210 رنز بنا کر 70رنز کے بھاری مارجن سے ہار گئی تھی۔
بابراعظم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2-1 سے ہرایا تھا۔
ایک روزہ سیریز کا آخری میچ 31 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔