کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو تباہ کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان پنجگور رائفلز اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر پنجگور کی ایرانی سرحد سے ملحقہ تحصیل پروم کے علاقوں نْکر اور گوگدان میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بی آر اے کے ٹھکانوں کی موجودگی پر کارروائی کی تاہم اس وقت کوئی موجود نہیں تھا۔ کارروائی کے دوران ٹھکانوں کو تباہ کرکے وہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں بارہ عدد بارہ بور رائفل 7 سب مشین گنز، ایک چینی ساختہ لائٹ مشین گن بمعہ ایک میگزین 100 راؤنڈز، ، ایک راکٹ لانچر بمعہ تین گولے اور 9 فیوز ، ایک نائن ایم ایم پستول، سات دستی بم، چھ انرگا گرنیڈ شامل ہیں۔ اکیس کلو بارودی مواد، دیسی ساختہ بم بنانے میں استعمال ہونے والی چھتیس بیٹیاں، تیرہ ریموٹ کنٹرول، پرائما کارڈ، پریشر بٹن چھ عدد بھی برآمد کئے گئے۔ کلاکوف کے 840 کارتوس، ٹی ٹی پستول کے 400 کارتوس، بارہ بور رائفل کے 70میگزین ، سب مشین گن کے 2500 کارتوس اور 50 میگزین بھی برآمد کئے گئے۔ پانچ عدد دوربین، چار ٹیلی سکوپ ، دو عدد نائٹ ویژن دوربین، ایک این وی بی دوربین ، ایک تھرایا سیٹلائٹ فون ، دو وائرلیس فون اور تین موبائل فون بھی ٹھکانوں سے برآمد کرکے تحویل میں لے لئے گئے۔ ترجمان کے مطابق یہ اسلحہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔