|

وقتِ اشاعت :   February 2 – 2016

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہرنائی کے عوام اور پشتونخوامیپ نے ہرنائی کے کوئلہ کانوں کی قومی دولت پر ایف سی کی استعماری قبضے اور کوئلے کی عوامی ملکیت پر ایف سی کی ناروا جبری ٹیکس کی خاتمہ کیلئے جمہوری احتجاجی تحریک شروع کی ہے ۔ اور اس تحریک کو علاقے کے عوام اور تمام جمہوری قوتوں کی تائید حاصل ہے ۔ کیونکہ ایف سی ایک وفاقی ادارہ ہے جس کی آئینی ذمہ داری امن وامان کا قیام ہے لیکن ہرنائی میں ایف سی اپنی آئینی ذمہ داریوں کے برخلاف قبضہ گیری کے منصوبوں اور کاروباری سرگرمیوں پر مامور ہے ۔ عوام کی جمہوری احتجاجی تحریک نے ایف سی کے عوام دشمن طرز عمل کو بے نقاب کیا تو ایف سی پشتونخوامیپ جیسی ذمہ دار اور نمائندہ قومی سیاسی پارٹی کے خلاف ناروا حربے اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر اتر آئی ہے ۔ جو ایف سی کی ایماء پر پارٹی کیخلاف شائع کردہ لاکھوں روپے کی مذموم اشہاری مہم سے بخوبی واضح ہے ۔ بیان میں اس امر پر افسوس کااظہار کیا گیا ہے کہ ایف سی کوئلے کی دولت پر قبضہ جمانے اور عوام پر بھتہ خوری کی جبری ٹیکسوں کی نفاذ کیلئے سیاسی پارٹیوں کا نام استعمال کررہی ہے حالانکہ کوئلہ کی قومی دولت اور عوامی ملکیت کا دفاع تمام جمہوری سیاسی پارٹیوں کا مشترکہ قومی فریضہ ہے ۔ ہمارے عوام کو بجاء طور پر امید ہے کہ پشتونخوا وطن کی جمہوری سیاسی پارٹیاں آئین میں حاصل کردہ قومی حقوق واختیارات کے دفاع کیلئے مشترکہ جدوجہدکریگی اور اپنے قومی وسائل اور قومی مفادات کی تحفظ کی ذمہ داری انجام دیگی ۔بیان میں پشتونخوا وطن کی تمام جمہوری سیاسی پارٹیوں کی قیادت سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہرنائی میں کوئلہ کی قومی دولت اور عوامی ملکیت کی دفاع کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نے ہرنائی کی کوئلہ کی دولت کومال غنیمت سمجھ کر اس پر استعماری قبضہ جما رکھا ہے اور بطور جبری ٹیکس کے نام پر اس دولت کی لوٹ کھسوٹ کو عوام کے احتجاج کے باوجود جاری رکھا ہے ۔ اور حد تو یہ ہے کہ ایف سی اس عوام دشمن اقدامات کیلئے سکولوں اور ہسپتالوں کی ترقی کا جواز پیش کررہی ہے حالانکہ سکولوں اور ہسپتالوں کا قیام ایف سی کا کام ہر گز نہیں اگر ہرنائی میں ایف سی کو امن وامان کی ذمہ داری سونپھی گئی ہے تو اس کی معنی یہ نہیں کہ ایف سی عوام کی قومی دولت پر قبضہ کرکے اس کی لوٹ کو جاری رکھیں۔ ایف سی کی آئینی ذمہ داری امن وامان کا قیام ہے لیکن ایف سی کو امن وامان کے نام پر اپنے کاروباری شراکت داروں کے ذریعے کوئلہ کی دولت پر قبضہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔اگر وفاقی حکومت نے ہرنائی میں کوئلے پر عائد جبری ٹیکس کا فوری خاتمہ نہ کیا تو پشتونخوامیپ اپنے عوام کی حمایت سے بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔