کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن استحکام کیلئے مفاہمتی عمل کا آغاز کیا ہمیں یقین ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اسے پایہ تکمیل تک پہنچائے گی گوادر ‘ ہوشاب شاہراہ اہمیت کی حامل ہے جس سے مکران کے عوام کو فائدہ پہنچے گا امن وامان کی صورتحال کو حکومت موثر انداز میں بہتری کی جانب لے جارہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گوادر ‘ ہوشاب شاہراہ کا افتتاح انتہائی خوش آئند ہے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کے جس ویژن پر کام کررہے ہیں اس کے دوررس نتائج برآمد ہونگے اس شاہراہ سے مکران کے عوام کو فائدہ حاصل ہو گا جبکہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ہوشاب سے بیلہ اور بسیمہ سے خضدار شاہراہ کی تعمیر کا اعلان بلوچستان کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے جو مکران سمیت صوبہ بھر کے عوام کو افادیت پہنچائے گا انہوں نے کہا کہ ہماری دوراقتدار میں ہمیں ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے جو مینڈنٹ دیا گیا تھا ہم نے اس ضمن میں بہت سی کامیابی حاصل کی ہیں اور اب ہمیں یقین ہے کہ وفاقی حکومت اور موجودہ صوبائی حکومت اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی کیونکہ بلوچستان اس وقت جن مشکلات و مسائل کا سامنا ہے اس کے تدارک کیلئے ضروری ہے کہ مفاہمتی عمل کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور یہ خوش آئند عمل ہے کہ آج حکومت اس کا ناصرف ادراک رکھتی ہے بلکہ اس کیلئے سنجیدگی سے اقدامات بھی اٹھارہی ہے انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری دیکھ رہے ہیں موجودہ صوبائی حکومت امن وامن کے حوالے سے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ بلوچستان میں امن کے قیام کا جو سفر شروع ہوا تھا وہ اپنی منزل تک پہنچے گا اور ہم سب ملکر ایک پرامن بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے ۔