|

وقتِ اشاعت :   February 7 – 2016

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسرا میچ اپنے نام کرلیا۔دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 118 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور نے 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ٹارگٹ پورا کرلیا۔ محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے پشاور کو 95 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، حفیظ 43 رنز بنا کر مینڈس کا شکار بنے جب کہ تمیم اقبال 55 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور ڈیوڈ ملان بھی 10 رنز پر وکٹ پر موجود رہے۔پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، کرس گیل اور اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا تو جنید خان نے پہلی ہی گیند پر کرس گیل کو بولڈ کردیا جب کہ پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر ڈیلپورٹ بھی رن آوٹ ہوگئے اور یوں لاہور کی بغیر کوئی رن بنائے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد رضوان بھی 4 رنز بنا کر کامران اکمل کو کیچ تھما گئے۔ اظہرعلی نے عمر اکمل کے ہمراہ ملکر ٹیم کا اسکور بڑھانے کی کوشش کی اور 41 رنز کی شراکت دار ی قائم کی تاہم عمر اکمل بھی 21 رنز بنا کر محمد اصغر کا شکار بنے  جب کہ کپتان بھی 31 رنز بنا کر محمد اصغر کی بول پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈیرن براؤ نے بھی آخری لمحات میں تیز اننگز کھیلتے ہوئے 32 رنز بنائے اور وہاب ریاض کا شکار بنے جب کہ حماد اعظم 18 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان محمد اصغر نے 2، جنید خان، شان ٹیٹ اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔