کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے کوٹے پرموثر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا سمیت تمام وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر حقیقی بلوچستانیوں کو تعینات ہونا چاہئے ۔ یہاں جاری ہونے والے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات آرہی ہیں کہ واپڈا میں جو حالیہ بھرتیاں ہورہی ہیں ان میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہورہے اور بلوچستان کے کوٹے پر ایسے امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں جنہوں نے ساری زندگی بلوچستان دیکھا بھی نہیں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کے کوٹے پر موثر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ جو لوگ بلوچستان کے ڈومیسائل پر بھرتی ہورہے ہیں ان کے ڈومیسائل کی اچھی طرح سے جانچ کی جائے اگر بلوچستان کے ڈومیسائل پر باقی صوبوں کے امیدوار بھرتی ہوں گے تو اس سے لوگوں میں بے چینی جنم لے گی انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں وفاق میں بھرپور آواز اٹھائیں گے ۔حقوق بلوچستان کے نام پر صوبے کے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے بلوچستان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے کے بجائے انکا استحصال جاری ہے جو بلوچستان کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی اور زیادتی ہے وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر صوبے کے بیروزگار نوجوانوں کا حق ہے اور انہیں کو بھرتی کیا جائے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ یقینی ہوسکے۔