دبئی: پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے دی جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم صرف 131 رنز بناسکی۔ لاہور قلندرز نے عمر اکمل کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے زیادہ اسکور بناتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں احمد شہزاد اور لک رائٹ نے اننگز کا آغاز کیا، احمد شہزاد کو 15 رنز پر کوپر نے بولڈ کردیا جب کہ لک رائٹ بھی 4 رنز پر ظفر گوہر کا شکار بنے، تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کیون پیٹرسن نے بھی 12 رنز پر اپنی وکٹ کنوادی۔ کپتان سرفراز احمد اور محمد نواز کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، سرفراز 19 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد نواز نے 42 رنز بنائے۔ لاہور قلندر کی جانب سے ظفر گوہر اور منڈس نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
اس سے قبل کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان اظہر علی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے ٹیم کو 62 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم کپتان 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد عمر اکمل نے ڈیلپورٹ کے ساتھ ملکر 95 رنز کی شراکت داری قائم کی اس دوران عمر اکمل نے 22 گیندوں پر ففٹی اسکور کی جس میں انہوں نے 6 چھکے اور 2 چوکے مارے ، ڈیپلورٹ 73 رنز اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے تاہم عمر اکمل 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 93 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ براؤ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے انور علی، ذوالفقار بابر اور عمر گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔