کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کاجینا محال کردیں گے اورآخری دہشت گرد تک پیچھا کریں گے۔مسجد امام بخاری کو شہید کر نے والے شرپسندوں کے قریب پہنچ چکے ہیں ،انہیں گرفتار کرکے دم لیں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفترمیں مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا عصمت اللہ سالم اورنجیب اللہ عابد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ مسجد امام بخاری کو شہید کرنے کی جسارت ناقابل معافی جرم ہے۔ ہم ملوث عناصرکو نشان عبرت بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ بن چکی ہے۔اس کا مل کرخاتمہ کریں گے۔ تخریبی کارروائیاں کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ عدم استحکام اور دہشت کی فضا پیدا رکھنا ان کا ایجنڈا ہے۔ مسجد شہید کرکے شرپسندوں نے ثابت کیا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں کوئی مسلمان اللہ کے گھر کو شہید کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ہم اس واقعہ میں ملوث افراد کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ہماری تمام مذہبی جماعتوں اور گروہوں سے درخواست ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ،شرپسندوں پرکڑی نظر رکھیں، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پیدا کرنے والے عناصر کو اپنی صفوں سے باہر نکالیں۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ بلوچستان میں امن کی فضا بحال کرکے رہیں گے۔ہمیں دھمکیوں اور بزدلانہ حملوں سے ملک وقوم کی خدمت سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ ہمیں صوبائی حکومت سے پوری امید ہے کہ وہ مسجد امام بخاری میں ملوث افرادکو ضرور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے گی۔دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جیلوں کی سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے امن و امان کے قیام کے لئے سیکورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے ڈیربگٹی میں ترقیاتی منصوبوں کی فوری تکمیل پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں جیلوں کی سیکورٹی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا جیل میں سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ قیدیوں کی تربیت کریں تاکہ وہ ہنر سے آراستہ ہوسکیں اور اس معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے مرتب کردہ سیکورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے ہم اپنے عوام کو خوف کے سائے میں زندگی نہیں گزرانے دیں گے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری اور ہم اپنی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آتے ہی ڈیرہ بگٹی مین ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانا شروع کیا تاکہ علاقے کے عوام کو تعلیم صحت سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے اور ہم اپنے عوام ک یقین دلاتے ہیں کہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں گئیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام موجودہ حکومت کا بھر پور ساتھ دیں۔