کوئٹہ: بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے اپنے جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بی آر پی نیدرلینڈز چیپٹر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تعاون سے 13 فروری کو احتجاجی مظاہرہ کریگی۔ مظاہرے میں بی آر پی نیدرلینڈز کے سربراہ درمحمد بلوچ اور انکی اہل خانہ سمیت سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنان شرکت کریں گی۔ مظاہرے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر بلوچستان میں جاری بلوچ نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ شیرمحمد بگٹی نے کہا کہ بی آر پی 13 فروری کو پارٹی کے مرکزی رہنما شہید ثنا سنگت بلوچ کی چوتھی برسی کی مناسبت سے ریفرنسز کا اعلان کرتی ہے۔ پارٹی کارکنان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ تمام زونل اور مرکزی سطح پر شہید ثنا سنگت کی برسی پر سٹڈی سرکلز اور ریفرنسز کا انعقاد کرتے ہوئے شہید کو خراج تحسین پیش کریں اور ان کی جدوجہد اور عظیم قربانی کی یاد میں بلوچ قومی تحریک سے وابستگی اور منزل مقصود تک پہنچانے کے عزم کو تازہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ شہید ثنا سنگت بلوچ کو 7 دسمبر 2009 کو ضلع بولان کے علاقے کولپور سے اغواکیا اور تین سال کی مسلسل گمشدگی، قید و بند اور اذیت و تشدد کے بعد 13 فروری 2012 کو ان کو شہید کرکے ان کی گولیوں سے چھلنی لاش کیچ کے علاقے مرغاپ میں پھینک دی۔ انھوں نے کہا شہید ثنا سنگت جیسے عظیم رہنما کی کمی ہمیشہ رہے گی لیکن بلوچ شہدا نے اپنی جدوجہد اور قربانی سے بلوچ تحریک کو ایک ناقابل شکست قوت میں تبدیل کردیا ہے جس کا مقدر صرف کامیابی ہے۔