|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2016

کوئٹہ: بلوچ ری پبلکن پارٹی نیدرلینڈ کے صدر درمحمد بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بی آرپی نیدرلینڈ کی جانب سے نیدرلینڈ کے شہر ہاگوین میں بلوچستان میں جاری کارروائیوں اور انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج بی آر پی نیدرلینڈ نے ایمنسٹی انٹرنیشل کی اشتراک، تعاون اور حمایت کے ساتھ کیا۔ مظاہرے میں بی آر پی کارکنان، ایمنسٹی انٹرنیشل کے عہدیداران، سمیت انسانیت دوست مقامی افراد نے شرکت کی۔ کارکنان نے مظاہرے کے دوران پمفلٹ بھی تقسیم کیے جس میں بلوچ و بلوچستان کی حالت زار پر آگاہی فراہم کی گئی۔ مظاہرے میں بلوچستان میں کارروائیوں میں معصوم و بے گناہ بلوچوں کے قتل عام، سیاسی کارکنان اور بلوچ نوجوانوں کی جبری گمشدگی، حراستی قتل اور مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی کے خلاف آواز بلند کیا گیا۔ مظاہرین اور یکجہتی کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے درمحمد بلوچ نے کہا کہ ہم ایمنسٹی انٹرنیشنل، مقامی افراد اور انسانیت دوست افراد کے مشکور ہیں کہ وہ بلوچ قوم اور بلوچستان کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ مغربی ممالک اور مہذب دنیا بلوچ قوم کی نسل کشی کے خلاف نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ اس کی روک تھام اور بلوچوں کی بحیثیت ایک قوم تمام حقوق کے حصول کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔