|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2016

کوئٹہ: پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پشتون بلوچ طلباء پر قاتلانہ حملوں کے خلاف پشتونخوااسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیش (پجار) کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب سے مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت پشتونخوااسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زونل سیکرٹری کبیر افغان اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار ) کی مرکزی کمیٹی کے اراکین آغا داؤد بلوچ، عمران بلوچ ، انجم بلوچ اور سید احسان اللہ آغا کر رہے تھے ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچی ریلی کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں بالخصوص یونیورسٹیوں اور کالجز میں مسلسل پشتون بلوچ طلباء پر دہشتگرد عناصر کے حملوں نے ایک تشویشناک صورتحال کو جنم دیا ہے اور پشتون بلوچ طلباء پر حصول علم کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی استعماری قوتوں کی سرپرستی میں پرورش پانے والے دہشتگرد عناصر نے پنجاب کے تعلیمی اداروں کو بلوچ پشتون طلبہ کیلئے نو گو ایریا میں تبدیل کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ دونوں محکوم اقوام ہے اور ان کی طلبہ کی کم تعداد سکالر شپ اور اپنی محنت کے بل بوتے پر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حصول میں کامیاب ہو جا تے ہیں لیکن گزشتہ طویل عرصے سے انتہا پسند دہشتگرد تنظیم کی جانب سے بلوچ اور پشتون طلباء کو ایک سازش کے تحت پنجاب کے تعلیمی اداروں سے بے دخل کر نے کیلئے تشدد کا راستہ اپنایا جا رہا ہے انہوں نے پنجاب حکومت کی انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پشتون بلوچ طلباء کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے اور دیگر تنظیموں کو حاصل نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع پشتون بلوچ طلباء کو آزادانہ طور پر فراہم کئے جائیں اور اظہار رائے پر پابندی اور قدغن کا سلسلہ ختم کیا جائے ہاسٹلوں پر مخصوص دہشتگرد تنظیم کے قبضے اور اجارہ داری کا خاتمہ کیا جائے اور گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں پشتون بلوچ طلباء پرہونیوالے پرتشدد حملوں میں ملوث تمام عناصر کے خلاف مقدمات قائم کر کے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کر تے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔دریں اثناء لاہور یونیورسٹی میں بلوچ طلباء پر تشدد کے خلاف بی ایس او پجار کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی احتجاجی ریلی عطاء شاد گونمنٹ ڈگری کالج تربت سے ہوتا ہوا تربت پریس کلب کے سامنے پہنچا جہاں پر بی ایس او پجار کے زونل صدر امجد مراد ،جنرل سکریٹری عابد عمراور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور یونیورسٹی میں بلوچ طلباء پر تشدد بلوچ طلباء کے خلاف ایک سازش ہے ہم اس سازش کو بے نقاب کریں گے انھوں نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لاہور یونیورسٹی میں بلوچ طلباء پر تشدد کا نوٹس لیکر ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کرے انھوں نے کہا کہ بی ایس او پجا اس واقعہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرے گی۔