کوئٹہ: بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں ایک مہینے سے جاری فورسز کی کارروائی میں بروز جمعہ علی الصبح مزید تیزی لائی گئی ہے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں اور بھاری تعداد میں زمینی فورسز نے سول آبادی پر دھاوا بول رکھا ہے شیر محمد بگٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ڈیرہ بگٹی کے علاقوں پیلاوغ، لیڑپٹی، چبدر، لوپ، سہرانی، پیشانی، سیخین اور ڈوئی وڈ سمیت کئی مقامات پر فورسز کی جانب سے مقامی آبادیوں اندھا دھند ہوائی شیلنگ اور بمباری سے معصوم بلوچ آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی زد میں درجنوں گھر تباہ ہوگئے ہیں اور بڑی تعداد میں جانی نقصان کا خدشہ ہے جبکہ علاقے محصور ہونے اور فورسز کی کارروائی تاحال جاری ہونے کی وجہ سے عورتوں اور بچوں سمیت سینکڑوں بے گناہ بلوچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں شیرمحمد بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں فورسز ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور آئے روز سول آبادیوں پر حملہ آور ہوکر بے گناہ بلوچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے لیکن مقامی اور بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے انہوں نے عالمی برداری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ بلوچستان میں جاری بلوچ نسل کشی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی جنگی جرائم کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔